اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں چین کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جین ژؤ نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں قائم چینی قونصل خانے میں شہیدہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے لیے ہر چینی شہری ایک یوآن عطیہ کرے گا۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ساتھ عطیات جمع کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لی جین ژؤ نے کہا کہ چینی شہریوں کی جانب سے کراچی میں دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ بعض چینیوں نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے پورے ماہ کی تنخواہ دے دی جبکہ ہر چینی شہید اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے لیے ایک یوآن عطیہ کرے گا۔خیال رہے کہ ایک یوآن کی قدر 19روپے سے زائد کے برابر ہے اور اس مہم میں 27ارب روپے سے زائد جمع ہونے کی امید کی جارہی ہے۔لی جین ژؤ کا کہنا تھا کہ عطیات دینے والے افراد کا ماننا ہے کہ پاک چین دوستی صرف باتوں کی حد تک نہیں بلکہ اس کی جڑیں دونوں ممالک کے عوام کے دل میں موجود ہیں۔چینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ وہ دہشت گردوں کو پیغام دینا چاہیں گے پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کہ دشمن زخم لگاتا رہے گا لیکن چین کے ساتھ ہمار ارشتہ چلتا رہے گا،حکومت چین کے ساتھ بہت قریبی رشتے میں بندھی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پوری دنیا کو نظرآرہا ہےکہ کون ساملک دہشت گردوں کوکچل رہا ہےاور کون مدد کررہا ہے، صاف ظاہر ہے کہ حملے کے پیچھے بیرونی ہاتھ ہے۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ قونصل خانے پر حملے کے پیچھے کون ہے؟ ہم اچھی طرح جانتے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین کے ساتھ بڑھنے والا معاشی رشتہ بہت سے لوگوں کو کھٹکتا ہے۔