نیوزی لینڈ میں 145 دیو ہیکل وہیلز ساحل پر پھنس کر ہلاک

ولنگٹن(امت نیوز) نیوزی لینڈ میں 145 وہیل مچھلیاں ساحل پر پھنس کر ہلاک ہوگئیں، واقعہ ملک کے جنوبی ساحلوں سے 30 کلو میٹر کے فاصلے پر اسٹیورٹ آئی لینڈ کے قریب پیش آیا، جس کا انکشاف ایک ہیکر نےسوشل میڈیا پر کیا۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ تحفظ بحری حیات کے حکام فوری طور پر اسٹیورٹ آئی لینڈ پہنچے، تاہم اس وقت تک نصف سے زائد دیو ہیکل مچھلیاں مرچکی تھیں، جبکہ باقی ماندہ بھی قریب المرگ تھیں۔ جنہیں ریسکیو اداروں اور کارکنوں نے بڑی کشتیوں کی مدد سے گہرے پانیوں میں دھکیلنے کی کوششیں کیں، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ گہرے سمندر میں مد و جذر کے باعث یہ مچھلیاں لہروں کی اٹھان کیساتھ ساحل پر آکر اتھلے پانی میں پھنس گئی تھیں اور اپنے زیادہ جثے ور وزن کے باعث واپس نہ جاسکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اطلاع ملنے میں تاخیر اور دور دراز جزائر میں مناسب امدادی سہولیات نہ ہونے کے سبب ساحل پر پھنسی مچھلیوں کی جانیں نہ بچائی جاسکیں- محکمہ تحفظ بحری حیات کے مطابق نیوزی لینڈ میں وہیل اور ڈولفن مچھلیوں کے ساحلوں پر آنے کے سالانہ 85سےزائد واقعات پیش آتے ہیں، جن میں بڑے پیمانے پر بحری حیات کا نقصان ہوتا ہے- حکام کا کہنا ہے کہ دوردراز جزائر میں ہونے والے ایسے افسوس ناک واقعات سے نمٹنے اور ان کے نقصانات کم کرنے کیلئے موثر کمیونیکیشن و ریسکیو نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔

Comments (0)
Add Comment