سکھر (نمائندہ امت) وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے جلد سیاست سیکھ جائیں گے۔ وفاقی حکومت کی پروگریس زیرو ہے۔ ملیں بند ہونے سے کاشتکار پریشان ہیں۔ سکھر میں جلسہ گاہ کے معائنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے سال ہم نے اسلام آباد میں جلسہ کیا تھا ، اور پنجاب میں بھی پروگرام کیا تھا جو پورا ہفتہ جاری رہا، پارٹی چیئرمین کو ابھی تک کوئی نوٹس نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے پاس طاقت ہے لیکن صوبوں کے پاس بھی آئین کے مطابق طاقت ہے۔ پانی کی تقسیم کے حوالے سے سی سی آئی میں ایک کمیٹی بنی تھی، اس کمیٹی میں ہر صوبے کا نمائندہ ہوگا سندھ سے میں خود گیا تھا۔ جس کی ایک میٹنگ ہو چکی ہے اور اگلی میٹنگ چار یا پانچ دسمبر کو ہوگی، جس میں پانی کی تقسیم کے حوالے سے بات ہوگی۔ وفاقی حکومت کی پروگریس زیرو ہے، ملیں بند ہونے سے کاشتکاروں کو مشکلات پیش آرہی ہیں، حکومت جلد نرخ مقرر کریگی۔