عبدالرزاق اورعمران نذیر سلیکٹ نہ ہونے پر افسردہ

لاہور(امت نیوز)پی ایس ایل فورکے ڈرافٹ میں 44سالہ مصباح الحق منتخب ہوگئے جب کہ کئی نوجوان کرکٹرز صرف منہ دیکھتے رہ گئے۔اسلام آباد میں ہونے والے پی ایس ایل فور ڈرافٹ میں تمام فرنچائز ٹیموں نے اپنے 16رکنی اسکواڈز مکمل کرتے ہوئے سپلیمنٹری کھلاڑی بھی منتخب کرلیے،موجودہ پی ایس ایل چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا مینٹور بننے کے بجائے بطور پلیئر کھیلنے کے لیے بے تاب مصباح الحق کو حیران کن طور پر پشاور زلمی نے اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔2017میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے 44سالہ سابق کپتان گزشتہ سیزن میں اسلام آباد کی جانب سے کھیلتے ہوئے اچھی فارم میں نظر نہیں آئے تھے،ویسٹ انڈین آل رانڈر ڈیرن سیمی کی موجودگی میں پشاور زلمی کے پاس قیادت کا فقدان بھی نہیں تھا تاہم اس کے باوجود مصباح الحق کو منتخب کیا گیا۔دوسری جانب ٹی ٹونٹی فارمیٹ کا تقاضا ہونے کے باوجود کئی نوجوان کرکٹرز کو کسی ٹیم نے بھی منتخب نہیں کیا،سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور اسد شفیق جیسے سینئرزکو نظر انداز کردیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment