اسلام آباد(نمائندہ امت)وزیراعظم کےمشیر برائے وزارت موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے پاکستان میں اسموگ کی بڑی وجہ بھارت کو قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ پیر کے روز انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسموگ کی 4 فیصد وجہ پاکستان، جبکہ 96 فیصد بھارت سے آنے والی آلودگی ہے ، اس حوالے سے مکمل ثبوت بھی حاصل کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسموگ کی بڑی وجوہات میں بھارت میں چاول کی فصل کی کٹائی کے بعد کھیتوں کو جلانا شامل ہے۔ اس کا دھواں ہوا کا رخ پاکستان کی جانب ہونے کے باعث اسموگ کا باعث بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے اپنے پہلے 100 دنوں میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اپنے اہداف کامیابی سے حاصل کیے ہیں جن میں اس حوالے سے ویژن دینا اور آئندہ پانچ برسوں کے لیے اہداف مقرر کرنا شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آئندہ پانچ برس کے لیے تین بڑے پروگرام ترتیب دیے ہیں جن میں پہلاپروگرام10ارب درخت لگانے کی مہم،دوسراصاف ،سبزپاکستان اورتیسراریچارج پاکستان ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کےان تینوں منصوبوں پرکام شروع ہوچکاہے ۔