راولپنڈی ۔کراچی(نمائندہ امت۔ اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر1کے جج محمداصغر خان نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم رضوی کے بھائی امیرحسین رضوی سمیت16ملزمان کو 7روزہ جسمانی ریمانڈ پر پنڈی گھیب پولیس کی تحویل میں دے دیا۔پنڈی گھیب پولیس نے تحریک لبیک کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران امیر حسین کو ساتھیوں سمیت گرفتار کیا تھا۔گزشتہ روز ملزمان کو عدالت پیش کر کے تفتیشی افسر نے ملزمان کے 10روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے 7روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزمان کو تفتیشی افسر کے حوالے کر دیا ۔ادھر کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ مولانا خادم رضوی کی گرفتاری کے بعد شہر میں ہنگامہ آرائی اور جلائو گھیراؤ کرنے میں گرفتار46 ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔عدالت نے تفتیشی افسر سے پانچ دن میں چالان اور پراگریس رپورٹ طلب کرلی۔پیر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے روبروتھانہ سولجر بازار ، بریگیڈ اور جمشید کوارٹر پولیس نے تحریک لبیک پاکستان کے 46کارکنان کو پیش کیا۔تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تحریک لبیک کے سربراہ مولانا خادم رضوی کو 24نومبر کو پنجاب میں گرفتار کیا گیا ۔گرفتاری کے بعد ملزمان نے شہر میں ہنگامہ آرائی توڑ پھوڑ اور جلائوگھیرائو کیا ،ملزمان نے شہر میں دہشت گردی اور خوف پھیلایا ،ابتدائی تفتش میں ملزمان نے اپنا جرم کا اعتراف کیا ہے ۔ بعد ازاں عدالت نے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔