رکھائن (مانیٹرنگ ڈیسک) میانمار حکومت نے ملائیشیا ہجرت کرنے کی کوشش کرنے والے 93 روہنگیا مسلمانوں کو گرفتار کرلیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار کی حکومت نے روہنگیا تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی کو ضبط کرلیا ہے۔ کشتی میں 93 روہنگیا مسلمان سوار تھے جو رکھائن کے پناہ گزین کیمپ سے ملائیشیا جانے کی کوشش کررہے تھے۔ میانمار حکومت نے کشتی میں سوار تمام مسافروں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے، کشتی میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔ پناہ گزین خوراک، موسم کی خرابی اور عدم تحفظ کے باعث بیرون ملک ہجرت پر مجبور ہوگئے ہیں۔ رواں ماہ روہنگیا تارکین وطن کی یہ تیسری کشتی کو ضبط کیا گیا ہے، 16نومبر کو 106تارکین وطن کی کشتی اور گزشتہ ہفتے 80تارکین وطن کی کشتی کو ضبط کیا گیا تھا۔ حراست میں لیے گئے افراد کو اب تک رہا نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے باعث 7لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش کے پناہ گزین کیمپ میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے تھے جب کہ لاکھوں پناہ گزین رکھائن کیمپوں میں تاحال پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں میانمار کی حکومت نے اپنا شہری ماننے سے انکار کردیا ہے۔