کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ حکومت نے رہائشی علاقوں میں قائم نجی اسکولوں کو تدریسی عمل جاری رکھنے کی اجازت دیدی ہے۔ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت رہائشی علاقوں میں قائم اسکول سیل نہیں کرے گی ،مطلوبہ پیمائش کم ہونے پر متعلقہ اسکولوں کونوٹس دیئے جاسکتے ہیں۔سرما کی تعطیلات کے بعد بھی کسی کارروائی کا ارادہ نہیں، والدین پریشان نہ ہوں۔یہ اعلان سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے رہائشی علاقوں میں قائم اسکولوں کے خلاف کارروائی کیلئے نوٹسوں کے اجرا کے بعد سامنے آیا ہے ۔نوٹس میں ایک ماہ میں تعلیمی ادارے رہائشی علاقوں سے شفٹ نہ کرنے پر بند کئے جائیں گے، زائد المنزلہ عمارات مسمار کر دی جائیں گی۔ کراچی میں سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک متعدد دکانیں و تعمیرات مسمار کی جاچکی ہیں۔اب تک ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاوہ لائٹ ہاؤس، برنس روڈ، آرام باغ اور دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات مسمار کی جا چکی ہیں۔تجاوزات کے خلاف آپریشن میں 63 بازاروں کی 9 ہزاردکانیں گرائی جانی ہیں۔