ڈھاکہ کے پاکستانی ہائی کمیشن سے کمپیوٹرچوری میں حسینہ حکومت مشکوک

اسلام آباد(امت نیوز)ڈھاکہ کے پاکستانی ہائی کمیشن سے کمپیوٹرچوری میں حسینہ حکومت مشکوک ہو گئی۔سخت سیکورٹی والے علاقےمیں واردات پرمبصرین حیران ہیں۔بنگلہ دیشی حکومت مسلسل پاکستانی سفارتکاروں کوبھی ہراساں کر رہی ہے۔ کمپیوٹر چوری ہونے پر پاکستان نے اسلام آباد اور ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی حکام سے سخت احتجاج کیاہے اور ملزمان کی گرفتاری اور ہائی کمیشن کی عمارت کی مکمل سیکورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا ہے کہ نامعلوم نقب زن نے ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے قونصلر سیکشن میں گھس کر کمپیوٹرز چوری کیے۔ پاکستانی ہائی کمیشن ڈھاکہ کے انتہائی محفوظ علاقے میں واقع ہے جہاں نقب زنی انتہائی تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعے کے فوری بعد بنگلہ دیشی وزارت خارجہ اور پولیس کو آگاہ کیا گیا اور ایف آئی آر درج کرائی گئی جبکہ سیکورٹی مزید سخت کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔دوسری جانب بنگلہ دیشی وزارت خارجہ نے واقعے سے اظہار لاعلمی کیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment