نیب کے معاملات میں وقت کے مسئلے کو دفن کردیا-سپریم کورٹ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو(نیب) کے زیرحراست ملزم کی پاسپورٹ واپسی کی استدعا مسترد کردی اور جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے ہیں کہ نیب کے معاملات میں ہم نے وقت کے مسئلے کو دفن کر دیا ہے،فیصلے لکھ لکھ کر ہماری انگلیاں گھس گئیں مگر آپ پڑھتے ہی نہیں۔انھوں نے یہ ریمارکس منگل کے روزدیے ہیں۔ سپریم کورٹ میں جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے نیب کے زیرحراست ملزم کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست کی سماعت کی،نیب نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقات شروع کیں توملزم نے بیرون ملک فرار کی کوشش کی تھی،نیب کی درخواست پرسپریم کورٹ نے محمد عالم کا پاسپورٹ ضبط کیا تھا۔وکیل ملزم محمد عالم نے کہا کہ دو سال سے زائد کا وقت گزر گیا پاسپورٹ واپس نہیں ملا،پاسپورٹ نہ ہونے سے میرے موکل کو مشکلات کا سامنا ہے،جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ضمانت منسوخ کرکے پاسپورٹ واپس کردیتے ہیں،نیب کے معاملات میں ہم نے وقت کے مسئلے کو دفن کر دیا ہے،فیصلے لکھ لکھ کر ہماری انگلیاں گھس گئیں مگر آپ پڑھتے ہی نہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایاکہ سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو 6 ماہ کے اندر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا،دو دن میں ٹرائل کورٹ سے فیصلہ آجائے گا،عدالت نے نیب کے زیرحراست ملزم کی پاسپورٹ واپسی اور التوا کی درخواستیں مستردکردی۔

Comments (0)
Add Comment