ایبٹ آباد(امت نیوز) آل پاکستان حاجی حبیب الرحمن میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں شمع ہزارہ ایبٹ آباد نے شاہین حویلیاں کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ کنج فٹ بال سٹیڈیم ایبٹ آباد میں جاری فٹ بال ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں شمع ہزارہ نے ایک دلچسپ مقابلہ کے بعد شاہین حویلیاں کو پنلٹی ککس پر 4-3 سے شکست دیدی۔ پہلے ہاف کے آغاز میں ہی دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا لیکن کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کئے لیکن بہترین دفاع کی وجہ سے دونوں کی فاروڈ لائن بال کو جال میں پہنچانے میں ناکام رہی اور میچ مقررہ وقت پر بغیر کسی گول کے برابر رہا۔