اسلام آباد(امت نیوز) پاکستان کراٹے فیڈریشن کی سیکرٹری جنرل عندلیب سندھو نے کہا ہے کہ ملک میں کراٹے کھیل کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ مزید سہولیات فراہم کریں تو کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ”میڈیا“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے بڑے فخر کی بات ہے کہ کراٹے کی کھلاڑی نرگس جس کا پاکستان واپڈا سے تعلق ہے نے ایشین گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کیا ہے اور حکومت کی طرف سے اس کھلاڑی کی ابھی تک کوئی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے حکومت کو کھلاڑیوں کی مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھی ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کرتے ہیں اور سپانسر کو بھی کھیلوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تو کراٹے کے مقابلے تعلیمی اداروں میں بھی منعقد ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ عندلیب سندھو نے کہا کہ پاکستان کراٹے فیڈریشن کے زیراہتمام 12 ویں قومی ویمنز کراٹے چیمپئن شپ 30 نومبر سے ساہیوال میں شروع ہو گی۔