این آئی سی ایل ریفرنس میں 2ملزمان کی پلی بار گین درخواست

کراچی (اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت میں این آئی سی ایل میں کروڑوں روپے کرپشن سے متعلق ریفرنس میں 2 ملزمان خواجہ اکبر اور ایس ایم اقبال نے پلی بارگین کی درخواست جمع کرادی ۔ منگل کے روز احتساب عدالت میں جمع کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قومی خزانے کو جتنا بھی نقصان ہوا ہے دینے کے لئے تیار ہیں ، 49کروڑ روپے قومی خزانے میں واپس جمع کرائیں گے۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت نے سابق ڈائریکٹر کے ڈی اے ناصر عباس و دیگر کے خلاف کرپشن سے متعلق ریفرنس میں مفرورپرائیویٹ پرسن و اسٹیٹ بروکرز صدر الدین،محمد ذشان،فیروز احمد،جاوید ابراہیم، سید محسن رضا سمیت 9ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے، عدالت نے مفرور ملزمان کوگرفتار کرکے 4دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 462ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں 3گواہوں کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے سماعت 7دسمبر تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے سابق صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن ودیگرکے خلاف محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت 4دسمبرتک ملتوی کردی ہے۔

Comments (0)
Add Comment