گلشن معمار میں پھل فروش قتل کردیا گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن معمار عبداللہ گبول گوٹھ میں گھر سے تشدد زدہ 35سالہ شخص کی لاش ملی،جس کو نامعلوم ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد تیز دھار آلے کی مدد سے وار کرکے قتل کیا۔ ایس ایچ او اشتیاق غوری نے امت کو بتایا کہ مقتول کی اسپتال میں شناخت منیر احمد کے نام سے ہوئی جوکہ فروٹ کا ٹھیلا لگاتا تھا ، اور گھر میں اکیلا رہائش پذیر تھا ،وہ اکثرعلاقے میں دوستوں کے ساتھ بیٹھتا تھا ، پیر کی شب وہ ٹھیلا بند کرنے کے بعد گھر آیا اور رات کے وقت دوستوں میں نہیں آیا تو اس کے دوستوں نے اسے ڈھونڈنا شروع کردیا۔مقتول کے دوست جب منگل کے روز اسکے گھر پہنچے تو گھر میں اسکی لاش پڑی ہوئی تھی ، جس پر انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی ، مقتول کو نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد تیز دھار آلے کی مدد سے چہرے پر وار کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے ، مقتول کا آبائی تعلق بہاولپور سے تھا۔

Comments (0)
Add Comment