نوازشریف کیخلاف نیب ریفرنسزمیں حتمی دلائل پرفیصلہ محفوظ

اسلام آباد( نمائندہ امت)نوازشریف کیخلاف نیب ریفرنسزمیں حتمی دلائل پرفیصلہ محفوظ کرلیاگیا۔احتساب عدالت نمبر2کے جج محمد ارشدملک کی عدالت میں گذشتہ روز سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم عدالت میں پیش ہوئے،اس موقع پر نیب پراسیکیوٹرکاکہناتھاکہ نوازشریف نے اپنے دفاع میں کچھ دستاویزات پیش کی ہیں قانون کے مطابق اب وکیل صفائی پہلے حتمی دلائل کا آغازکریں۔ خواجہ حارث نے کہاکہ ہم نے دستاویزات اپنے دفاع میں پیش نہیں کیں۔ نوازشریف کی طرف سے دفاع سے متعلق جواب نفی میں دیاگیاہے، ان دستاویزات پر اس عدالت یاہائیکورٹ میں دلائل نہیں دیں گے۔نیب پراسیکیوٹرنے کہاکہ ملزم نے دستاویزات کے ذریعے دفاع پیش کردیاہے، دفاع آنے کے بعد وکیل صفائی حتمی دلائل شروع کریں۔ خواجہ حارث نے کہاکہ پیش کی گئی دستاویزات دفاع کے زمرے میں نہیں آتیں۔جج ارشد ملک نے پراسیکیوٹر سے کہا کہ خواجہ حارث تین بار کہہ چکے ہیں کہ یہ دفاع نہیں اور کیا کہیں؟ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ آپ مناسب حکمنامہ جاری کر دیں۔اس پرگذشتہ روزشروع ہونے والے حتمی دلائل کو موخرکرتے ہوئے عدالت نے کون دلائل پہلے دے گا سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔مزید سماعت آج ہوگی۔

Comments (0)
Add Comment