نقیب کیس کا حتمی چالان منتظم عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نقیب محسود سمیت دیگر کے قتل سے متعلق کیس میں تفتیشی افسر کوضمنی چالان انسداددہشت گردی کی منتظم عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔ عدالت نے کیس میں مفرور سابق ایس ایچ او امان مروت ، شعیب عرف شوٹر سمیت10 ملزمان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں ۔ بدھ کے روز سماعت کے موقع پرگرفتارملزمان اے ایس آئی اللہ یار ، ہیڈ کانسٹیبل محمد اقبال ، کانسٹیبل ارشد علی ،غلام نازک ، عبدالعلی ، شفیق احمد اور شکیل کو پیش کیا گیا ، اس موقع پر ضمانت پر رہا ملزمان سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار ، قمر احمد شیخ ، محمد یاسین ،سپرد حسین ، خضر حیات اور عبوری ضمانت پر رہا ملزمان محمد انار، فیصل محمود اورخیر محمد بھی پیش ہوئے ۔ تفتیشی افسر ڈاکٹر رضوان کی جانب سے پیش رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، ملزمان روپوش ہیں۔ان میں گدا حسین ،محسن عباس، صداقت حسین، راجا شمیم، رانا ریاض، علی اکبر ملاح، رئیس عباس اور عمران کاظمی بھی شامل ہیں۔ تفتیشی افسرکی جانب سے مقدمے کا ضمنی چالان پیش کیا گیا۔مدعی مقدمہ کے وکیل کو عبوری ضمانت حاصل کرنے والے 3ملزمان کی ضمانت سے متعلق دستاویزات فراہم کی گئیں ، وکلا کی جانب سے 4دسمبر دلائل پیش کئے جائیں گے ۔ دریں اثناانسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی سابق ڈائریکٹر پروین رحمان قتل کیس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن اختر فاروق کا بیان قلمبند کرتے ہوئے 29نومبر کو مزید گواہوں کو طلب کرلیا ہے ۔

Comments (0)
Add Comment