حملے کی صلاحیت رکھنے والا پاکستانی ڈرون توجہ کا مرکز بن گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں) دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 میں ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اورحملے کی صلاحیت رکھنے والا ڈرون طیارہ توجہ کامرکزبنے ہوئے ہیں۔غیرملکی مندوبین جے ایف 17 تھنڈرطیارے میں بھی بھرپور دلچسپی ظاہرکررہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 دوسرے روز بھی جاری ہے جہاں ہیوی کمپلیکس ٹیکسلا کے تیارکردہ ٹینک،بکتربندگاڑیاں غیرملکی مندوبین کی توجہ کامرکز بنے ہوئے ہیں۔ ایرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ کے بنائے ہوئے جے ایف 17تھنڈر میں مندوبین بھی بھرپور دلچسپی ظاہرکررہے ہیں۔کراچی میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018میں نمائش کے لیے پاک فوج کا رکھا گیا ڈرون طیارہ شارپر شرکا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔پاکستانی ساختہ ڈرون سرحدوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں کو ساتھ لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔ علاوہ ازیں آئیڈیاز2018کے دوسرے روز نیشنل سینٹر فار میری ٹائم پالیسی ریسرچ اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افئیرز کراچی کے زیر اہتمام پاک بحریہ کی سرپرستی میں ایک میری ٹائم کانفرنس منعقد کی گئی، میری ٹائم کانفرنس کا عنوان بحر ہند میں میری ٹائم سیکیورٹی کے اہم پہلو اور میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے جدت کی ضرورت اور اہمیت تھا۔ وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ کمانڈر رائل اردن نیول فورسز، بریگیڈئیر جنرل ابراہیم سلمان النعمت نے کانفرنس میں بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کہا کہ بحری قذاقی اور دہشت گردی، ماحولیاتی آلودگی، غیر قانونی بحری سرگرمیاں، انسانی اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ، مختلف ممالک کے مابین حل طلب تنازعات اور تدبیراتی مسابقت بحر ہند کی سیکورٹی کو سنگین خطرات سے دوچار کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان چیلنجز کی نوعیت کا تقاضا ہے کہ ان سے نبرد آزما ہونے کے لئے مشترکہ کاوشیں کی جائیں۔

Comments (0)
Add Comment