کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی نے سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کو غلط رُخ پر موڑنے کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق اور متاثرین کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری طور پر ’’شہری ایکشن کمیٹی ‘‘ بناتے ہوئے کمیٹی کے تحت کل بعد نماز جمعہ ایم اے جناح روڈ پر بڑے اور تاریخی کنونشن کا اعلان بھی کیا ہے۔گزشتہ روز حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کنونشن میں تمام اسٹیک ہولڈرز اور متاثرین شریک ہوں گے۔کنونشن میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اگر حکومت اور متعلقہ اداروں نے متاثرین کی داد رسی نہ کی تو احتجاجی مارچ اور وزیر اعلیٰ ہاؤس و میئر کراچی کے دفتر کا گھیراؤ کیا جاسکتا ہے۔ کمیٹی میں مختلف ایسوسی ایشنز کے ذمہ داران اور تمام اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔پریس کانفرنس میں تاجر تنظیموں ، مارکیٹوں ، پرائیویٹ اسکولز کے نمائندے و دیگر موجود تھے۔حافظ نعیم نے مطالبہ کیا کہ جس طرح سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی ذاتی تعمیرات کو بنی گالہ میں ریگولائزیشن کی سہولت اور مہلت دی ہے۔اسی طرح کراچی میں تمام قانونی ملکیتی پلاٹوں پر تعمیرات کے لیے ریگولائزیشن کی پالیسی دی جائے، جب کہ غیرقانونی تعمیرات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔