جوبلی مارکیٹ میں بوسیدہ عمارت کا چھجہ گرنے سےماں سمیت 4زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جوبلی مارکیٹ کے قریب بوسیدہ عمارت کا چھجہ گرنے سے ماں، بیٹا اور 2 بیٹیاں زخمی ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق نبی بخش کے علاقے جوبلی کے قریب سلینسر مارکیٹ میں واقع کریم پلازہ کے تھرڈ فلور کی گیلری کا چھجہ بدھ کی رات اچانک زور دار دھماکے سے گر گیا، جس کے ملبے تلے 4 افراد دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر سول اسپتال منتقل کیا۔ ایس ایچ او شارق نے بتایا کہ 40سالہ ربیعہ زوجہ شوکت، 18سالہ ام حبیبہ دختر شوکت، 8سالہ حنا دختر شوکت اور 12سالہ رضوان ولد شوکت کی حالت اسپتال میں خطرے سے باہر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمارت کافی بوسیدہ اور زخمی افرادوہیں کے رہائشی ہیں، حادثے کے وقت متاثرین گیلری میں کھڑے تھے، پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment