فلیگ شپ -العزیزیہ ریفرنس میں تفتیشی افسرپرجرح مکمل

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)احتساب عدالت نمبر2کے جج محمد ارشدملک کی عدالت میں زیر سماعت فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنس میں گذشتہ روز سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف عدالت میں پیش ہوئے اور ان کے وکیل نے فلیگ شپ ریفرنس کے تفتیشی افسرمحمد کامران پر جرح مکمل کی،جس پر فاضل عدالت نے نیب کی طرف سے سوالنامہ کی فراہمی اور وکیل صفائی کوپہلے دلائل دینے کی استدعامستردکرتے ہوئے پہلے سے محفوظ فیصلہ سنایااور نوازشریف کو 62سوالات پر مشتمل سوالنامہ فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے العزیزیہ سٹل مل ریفرنس میں نیب پراسیکیوٹرسے آج صبح دلائل طلب کرلیے۔قبل ازیں سماعت شروع ہونے سے قبل نوازشریف نے وہاں موجودپارٹی رہنماوٴں اور اپنے وکلاء سے مشورہ کیا جس کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ اتفاق فاوٴنڈری 50کی دہائی میں زرعی آلات بنا رہی تھی،جنہوں نے 60 کی دہائی کے آغاز میں اتفاق فاوٴنڈری کے آلات استعمال کئے وہ گواہ موجود ہیں،اتفاق فاوٴنڈری 60 کی دہائی میں آلات برآمد کرتی تھی،اس موقع پر نوازشریف نے اپنے سٹاف کو ہدایت کی کہ اتفاق فاوٴنڈری کیا بناتی اور ایکسپورٹ کرتی تھی ،فہرست تیار کرکے دیں۔

Comments (0)
Add Comment