کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں کو سائبر سیکورٹی حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے فی الفور اقدامات کی ہدایت جاری کردی ۔اسٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق تمام بینک اکاؤنٹ ہولڈرز کو یکم جنوری 2019 سے مفت ایس ایم ایس سروس فراہم کریں گے،جب کہ انٹرنیٹ بینکنگ کےپہلی بار استعمال پر بائیو میٹرک لازمی ہوگی۔مقررہ ڈیڈلائن سے پہلے تمام صارفین کے تصدیق شدہ نمبرزاپ ڈیٹ ہوں گے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سائبرحملے پرمالی نقصان متعلقہ بینک2روز میں بھرنے کاپابند ہوگا۔ جب کہ اسٹیٹ بینک متعلقہ بینک کے خلاف تادیبی کارروائی کرے گا۔اعلامیہ کے مطابق تمام بینک اپنے نظام کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائیں اور سائبر سیکورٹی سے تحفظ میں پائی جانے والی کمزوریوں کو دور کریں، الیکٹرانک لین دین کے متبادل چیننلز سمیت کارڈ پیمنٹ سسٹم، رئیل ٹائم گراس سیٹلمنٹ سسٹم، انٹرنیشنل وائر ٹرانسفر کوڈ، انٹرنیٹ اور موبائل بینکنگ ایجنٹ سے کی جانے والی برانچ لیس بینکاری کے سائبر نظام کا بھی جائزہ کرایا جائے۔ آڈٹ رپورٹ 31 دسمبر 2018 تک پیش کی جائے۔