انور مجید کی جعلسازی کےپیچھے آصف زرداری کا ہاتھ ہے ۔ امیر جمالی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جے آئی ٹی کے سامنے گواہ کی حیثیت میں پیش ہونے والے سندھ آبادگار بورڈ کے رہنما امیر علی جمالی نے کہا ہے کہ جتنی بھی جعلسازی ہوئی ہے اس کے پیچھے اصل میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کا ہاتھ رہا ہے انور مجید تو صرف ان کے فرنٹ مین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جے آئی ٹی میں گواہ کی حیثیت سے بیان ریکارڈ کرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا اور ثبوت بھی پیش کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ انور مجید اور اس کی ٹیم کے کرتوں کو جانتے ہیں ۔ ایس پی تنویر تونیو نے ان پر دباؤ ڈا ل رہے تھے کہ کسی بھی طرح میں انور مجید کا نام نہ لوں۔ انہوں نے کہا کہ میں صرف اللہ تعالیٰ سے ڈرتا ہوں آصف زرداری یا فریال تالپر سے نہیں ڈرتا ۔ انہوں نے کہا کہ انور مجید نے آبادگاروں کے جعلی اکاؤنٹس کے کام پر سندھ بینک سے قرضے لئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دادو شوگر مل کی نیلامی کے دوران ایک شخص نے زیادہ بولی لگائی لیکن اسے راستے سے ہٹا کر اومنی گروپ والوں کو صرف 9 کروڑ روپے میں حکومت سندھ نے وہ مل دے کر سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ سندھ میں اومنی گروپ کے پاس 12 شوگر ملیں ہیں جن میں سے 2 بند تھیں اور باقی 12فنکشنل رہی ہیں اور یہ ملیں انور مجید کی ظاہر کی گئی ہیں لیکن اصل میں آصف علی زرداری کی ہیں اور انور مجید تو فرنٹ مین ہے اس نے جو بھی جعلسازی کی ہے اس کے پیچھے آصف زرداری کا ہاتھ ہے۔

Comments (0)
Add Comment