کراچی(اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم آباد پولیس نے جماعت اسلامی کے سابق ٹائون ناظم کے قتل میں ملوث متحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔ مختلف علاقوں سے متحدہ لندن کے 2 بھتہ خور، قتل میں ملوث بھتہ خور کا ساتھی اور بھینسوں سے لدا ٹرک چھیننے والے 3 ملزمان بھی پکڑے گئے۔تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سابق ٹائون ناظم لیاقت آباد پرویز محمود کے قتل میں ملوث متحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر مسعود عرف کالا کو گرفتار کرکے آوان بم اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ایس ایچ او عرفان آصف نے ’’امت ‘‘کو بتایا کہ ٹارگٹ کلر کا تعلق ناظم آباد سیکٹر سے ہے، جس نے دوران تفتیش رضویہ، ناظم آباد اور نارتھ ناظم آباد کے علاقوں میں مخالف جماعت اسلامی کے عہدیدار سمیت 5 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے ۔ملزم نے بتایا کہ 2012 میں دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملکر جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق ٹائون ناظم لیاقت آباد پرویز محمود اور ان کے ڈرائیور کو نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں قتل کیا تھا۔ملزم نے ناظم آباد میں 2 موٹر سائیکل سواروں اور رضویہ میں بھی ایک شخص کو مارنے کا اعتراف کیا ہے ۔رینجرز نے پاکستان بازار کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ لندن کے 2 بھتہ خوروں حارث اور محمد فہیم کو گرفتارکرلیا۔لندن گروپ کے دونوں کارکنان بھتہ خوری ، اسلحہ کی خرید وفروخت و ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔لانڈھی ساڑھے تین C/2 میں چوڑیوں کا اسٹال لگانے والے نوجوان فراز انصاری ولد شمیم انصاری کے قتل میں ملوث گرفتار فہیم عرف کالا کی نشاندہی پر رینجرز نے اس کے ساتھی حماد پکڑا گیا۔ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان قتل اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔سکھن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھینسوں سے لدا ٹرک نمبر JY-3493 کو تحویل میں لیکر 3 ملزمان دوست محمد، محمد ابراہیم اور ڈرائیور زاہد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان ٹرک چھین کر جارہے تھے۔