ایبٹ آباد(نمائندہ امت) پولیس نے کوہستان وڈیو اسکینڈل میں جرگے کے حکم پر 5 لڑکیوں کو قتل کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کردیا ہے۔2012میں کوہستان کے ایک نوجوان نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کے 2چھوٹے بھائیوں نے شادی کی ایک تقریب کے دوران رقص کیا جس پر وہاں موجود خواتین نے تالیاں بجائیں۔ موبائل فون سے بنائی گئی وڈیو بعد میں مقامی افراد کے ہاتھ لگ گئی، جس پر جرگے نے وڈیو میں نظر آنے والی پانچوں لڑکیوں کے قتل کا حکم جاری کیا، جرگے کےحکم پر عمل کیا گیا اور پانچوں لڑکیوں کو قتل کردیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو قتل کرنے والے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عمر خان، سفیر، سرفراز اورسائپر کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف 202،201،419، 420،اور 364دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کا مقامی عدالت سے8 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔