کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے متاثرین کو متبادل جگہ ضرور دی جائے گی اور کسی کیساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔کے ایم سی ہیڈ آفس میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر شہر میں جاری انسداد تجاوزات مہم کے دوران بلدیہ عظمیٰ کے کرایہ داروں میں اب تک 3575 متاثرہ دکان داروں میں سے پہلےمرحلے میں 1470دکان داروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے مختلف جگہوں پر متبادل دکانیں دی جارہی ہیں، جن میں پارکنگ پلازہ صدر، کے ایم سی مارکیٹ ایم ٹی خان روڈ، لائنز ایریا، شہاب الدین مارکیٹ، رنچھوڑ لائن مارکیٹ، فریئر مارکیٹ، کھڈا مارکیٹ اور سپرمارکیٹ لیاقت آباد کے متاثرین شامل ہیں، جلد ہی دوسرے مرحلے میں 2105متاثرین کو دیگر جگہوں پر متبادل دیا جائے گا۔ وسیم اختر نے کہا کہ متبادل کیلئے سمری وزیراعلیٰ سندھ کو روانہ کی جارہی ہے، توقع ہے کہ اس کی جلد ہی منظوری ہوگی کیونکہ وزیر اعلیٰ سندھ خود اس پوری کارروائی سےآگاہ ہیں، وزیر بلدیات سعید غنی سے اس بارے میں تفصیلی ملاقات ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن میں بلدیہ عظمیٰ اکیلی نہیں بلکہ اس میں حکومت سندھ، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، رینجرز، پولیس، کے ڈی اے، ضلعی بلدیات، سوئی سدرن گیس، کے الیکٹرک اور شہر کے تمام اسٹیک ہولڈر ادارے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 40سال کی تجاوزات چند ہفتے میں مکمل صاف نہیں ہوسکتیں، اب جو افسر تجاوزات کے قیام میں ملوث پایا گیا اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی شروعات ہے اور کارروائی مکمل غیر جانبدار ہے فٹ پاتھ، پارک اور نالوں پر کوئی بھی تعیرات باقی نہیں رہیں گی، روزانہ کی بنیاد پر کام جاری ہے۔