راولپنڈی(نمائندہ امت) نیواسلام آباد ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن عملہ نے براستہ دبئی اور کینیڈا انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، مبینہ انسانی سمگلر اور 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔جبکہ جعلی ویزے پر یوکرائن جانے والے افغان باشندے کو امیگریشن حکام نے حراست میں لے لیا۔ایف آئی اے امیگریشن کے مطابق دبئی جانے والی نجی ائیرلائن کی پرواز کے 2مسافروں کے ٹریول روٹ ہو مشکوک جان کر پوچھ گچھ کی گی تو انھوں نے انکشاف کیا کہ ٹریول ایجنٹ عبدالمجید نے ان سے دبئی سے براستہ برازیل، کینیڈا پہنچانے کے لیے 32لاکھ روپے وصول کیے ہیں جبکہ وہ بھی اس پرواز میں جارہا ہے جس پر یف آئی اے نے انسانی سمگلر عبدالمجید، مسافر عدیل افتخار اور جاوید اقبال کو حراست میں لے کر انسداد انسانی سمگلنگ سیل منتقل کردیا۔دریں اثناء ترکی جانے والی نجی ائیرلائن کی پرواز کی چیک ان کے دوران افغان باشندے مزمل ابراہم کو مشکوک جان کر چھان بین کی گی تو انکشاف ہوا کہ مسافر کا ویزہ اور سفری ریکارڈ جعلی ہے جس کی تصدیق جدید امیگریشن سسٹم آئی بی ایم ایس نے بھی کی جس پر افغان باشندے کو حراست میں لے کر انسداد انسانی سمگلنگ سیل منتقل کردیا گیا۔