شہری کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف پرایس ایس پی ملیر طلب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نےاسد عمرانی کی مبینہ ہلاکت کے ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف دائر درخواست پر ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کو6دسمبر تک ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ درخواست گذار کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ اسد عمرانی کو جعلی مقابلے میں ماراگیا۔ اسد عمرانی کو اے سی ایل سی کے انسپکٹر شہزاد، انسپکٹر چوہدری سلیم اور سب انسپکٹر وقاص انور نے قتل کیا۔ ہم نے ایف آئی آر درج کروائی بیان بھی ریکارڈ کرایا مگر پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کر رہی۔ کیس کے تفتیشی افسر ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کو تبدیل کیا جائے۔ کیس پر نئی جے آئی ٹی بنائی جائے۔اسی بنچ نے محکمہ اسمال انڈسٹریز میں بھرتیوں کی انکوائری اور ضمانت سے متعلق دائر درخواست پر متحدہ رہنما سابق صوبائی وزیر رؤف صدیقی سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں28جنوری تک توسیع کر دی۔ فاضل عدالت نے نیب حکام کو تحقیقات جلدمکمل کرنے کا حکم دیدیا۔جسٹس نعمت ا للہ پھلپوٹو نے رئیس ،عرفان ،ناصر احمد اور یعقوب نوشاد سمیت دیگر کی بازیابی سے متعلق دائر درخواستوں پر تمام اداروں کو آن بورڈ لینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 24جنوری تک ملتوی کردی۔ فاضل عدالت نے لاپتہ افراد کے معاملے پر خیبرپختون کے حراستی مراکز کی چھان بین کا حکم بھی دیا ۔چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ نے مٹھی کے سرکاری اسکول کی دیوار گرنے سے دو طالبات کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سیشن جج مٹھی ،ای ڈی او سمیت متعلقہ اداروں سے5 دسمبر تک تفصیلات طلب کرلیں۔ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عام انتخابات 2018 کو کاالعدم قرار دینے سے متعلق پی ایس پی کے وکیل حسان صابر کو ڈیٹا جمع کرنے کی مہلت دیدی۔ درخواست گذار نے موقف اپنایا کہ کراچی سے 65 ا ارکان اسمبلی کامیاب ہوئے ۔ کامیاب امیدوارں کا ڈیٹا جمع کرنا ہے لہذامہلت دی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرلی ۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ الیکشن میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں اور دھاندلی ہوئی۔انتخابی نتائج 2 دن بعد دیئے گئے۔اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہِیے۔

Comments (0)
Add Comment