کراچی(اسٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نمائش سے دفاعی تجارت اور تعاون کو فروغ ملے گا۔انہوں نے یہ بات ائیر شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے ایونٹ میں شریک تمام شرکاکو مبارکباد دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ آج یقین مزید پختہ ہوگیاہے کہ ہماری مسلح افواج ہر قسم کے چیلنجز اور خطرات سے نمٹنے اور اسے ناکا م بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نمائش کے کامیاب انعقاد سے تمام دنیاکو پیغام جائے گا کہ پاکستان پرامن اور جمہوریت پسند ملک ہے۔ دفاعی ہتھیاروں اور مشینری کی نمائش کے لیےیہ ایک پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات 70 برسو ں پر محیط ہیں جو آج نئی بلندیوں اور جہتوں کو چھو رہے ہیں۔ سی پیک پر کام بھر پور طریقے سے جاری ہے اور اس سے خطے ،بالخصوص پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑی اور اس کا خاتمہ کیا ۔