آشیانہ کیس میں 3ملزمان کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ نے آشیانہ ہاوٴسنگ اسکینڈل میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو 2 ہفتے میں ملزمان سجاد بھٹہ، منیر ضیاء بلال کدوائی اور امتیاز حیدرکے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔جبکہ جسٹس شیخ عظمت سعیدنے میاں شہبازشریف کانام لینے پر ریمارکس دیے ہیں کہ جن کا کیس ہمارے سامنے نہیں، ہمیں اس میں کوئی دلچسپی نہیں، آپ آدھا کچا، آدھا پکا، ریفرنس فائل نہ کریں۔انھوں نے یہ ریمارکس جمعرات کے روزدیئے۔سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے آشیانہ ہاوٴسنگ اسکینڈل کے ملزمان کی ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت نیب کے خصوصی پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے زیر حراست ہونے کی بنا پر ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کر پارہے۔ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے جوڈیشل ریمانڈ پر ہی ریفرنس فائل ہوسکتا ہے۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ جن کا کیس ہمارے سامنے نہیں، ہمیں اس میں کوئی دلچسپی نہیں، آپ آدھا کچا، آدھا پکا، ریفرنس فائل نہ کریں۔۔ ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے موکلان 10 ماہ سے جیل میں ہیں۔جسٹس عظمت سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ ضمنی ریفرنس فائل ہونے دیں، پھر ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔نیب کی جانب سے ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کے لیے 3 ہفتوں کی مہلت دینے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔عدالت عظمیٰ نے نیب کو 2 ہفتے میں ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔

Comments (0)
Add Comment