کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ملیرمیں لوٹ مار کی وارداتوں پر قابو پانے میں 4تھانوں کی پولیس ناکام ہوگئی، ڈکیت بے لگام ہوکردن دہاڑے شہریوں کو گولیاں مارنے لگے، شاہ لطیف، سکھن ، ملیر سٹی اور قائد آباد پولیس پیداگیری میں معروف ہے جبکہ شہریوں کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ 3روز میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ایک طالب علم جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ملیر میں شہری اپنے گھروں کے سامنے نقدی،موبائل فونز و دیگر قیمی اشیاسے محروم ہونے لگے۔ شاہ لطیف اور سکھن میں اسٹریٹ کرمنلز نے ایک طالب علم کو قتل اور ایک اورنوجوان زخمی کو زخمی کردیا، دونوں تھانے کی حدودلوٹ مار کے واقعات کے باعث سرفہرست ہے۔’’امت ‘‘سروے کے دوران سکھن کے علاقے لیبر اسکوائر 500کوارٹرز کے مکینوں کا کہنا تھا کہ 3روز قبل موٹر سائیکلوں پر سوار6مسلح ملزمان نے ایک گھنٹے میں 3 مقامات پر 2موبائل دکانیں اور شہریوں سے موبائل فون اور لاکھوں روپے لوٹنے کیساتھ مزاحمت پر ایک نوجوان کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔ دبئی کمیونیکیشن کے مالک بلال نے بتایا کہ رات9 بجے میں دکان پر موجودتھا کہ اچانک 2ڈاکو داخل ہوئے اور کیش کاؤنٹر سے ڈیڑھ لاکھ نقدی، 6موبائل فون لے لئے۔ انہوں نےگاہگ نسیم مری سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی تو اس نےمزاحمت شروع کر دی۔ ملزمان کی فائرنگ سےدکان کے سامنے بیٹھاصابر زخمی ہوگیا۔عمیر کمیونیکیشن کے مالک ایاز نے ’’امت ‘‘کو بتایا کہ 2موٹر سائیکلوں پر سوار 6ملزمان میں سے 2میری دکان میں داخل ہوئے اور 2برابر والی دکان میں گئے،جبکہ ملزمان کا ایک ایک ساتھی پستول لئے دکانوں کے باہر کھڑے ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں نے آتے ہی مجھ پر پستول تان لیا، اورموبائل فونر اور دراز میں نقدی رقم 90ہزار روپے ڈال کرفائرنگ کرتے ہوئے باآسانی فرار ہو گئے۔ علاقہ مکین آصف نے بتایا کہ واردات سے قبل بھینس کالونی گجر چوک پر مسلح ملزمان نے 5افراد سے لوٹ مار کی تھی ، جبکہ اسی شب 500کواٹر میں قائم این ایم فلیٹس اور رہائشی کالونی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے خاتون سے پر بھی چھینا ہے اور گھر کے باہر بیٹھے 4افراد سے موبائل فون اور نقدی رقم لوٹ کرفرار ہوئے۔ ’’امت ‘‘کی ٹیم شاہ لطیف کے خلد آباد محلہ پہنچی تو اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے شہریوں کو ڈکیتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 4روز قبل گلستان سوسائٹی کے رہائشی ساجدرفیق مرغی خانہ اسٹاپ پر قائم نجی بینک سے رقم نکلوا کر اپنے گھر آرہا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے اسےگھر کے سامنے لوٹ لیا اورخوف و ہراس پھیلانے کیلئےفائرنگ کرتے ہوئےفرار ہو گئے ، جبکہ تھانے کی حدود میں منگل کے شب ڈکیتوں کی فائرنگ سے 16سالہ دانش ولدسلیم مارا گیا۔ مقتول کے نماز جنارہ میں شریک قائد آباد موبائل مارکیٹ کے دکانداروں کا کہنا تھا کہ مقتول تعلیم کیساتھ ساتھ پارٹ ٹائم موبائل شاپ پر کام کرتا تھا۔ مقتول کی نماز جنازہ بعدنماز ظہر مرغی خانہ میں ادا کی گئی، جس میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ جمعرات کی شب مظفر آباد کالونی میں بھی ڈکیتی مزاحمت پر 45سال اظہر فائرنگ سے زخمی ہو گیا تھا۔