دفاعی نمائش میں سی ویو پر جنگی طیاروں کا شاندار مظاہرہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) دفاعی نمائش کے تیسرے روز سی ویو پرپاک فضائیہ کے لڑاکاطیاروں نے اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کیا۔تقریب میں مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،آئی جی سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی پاک فضائیہ کی جنگی صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے امڈ آئی ۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق نمائش کے تیسرےدن پاک فضائیہ کی جانب سے سی ویو پر ائیر شو منعقد کیا گیا۔ مہمان خصوصی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان تھے۔۔تقریب میں پاک فضائیہ کے ا یف 16 ۔جے ایف 17تھنڈر اور سوپر مشاق طیاروں نے شاندار مظاہرہ کیا۔ نمائش میں مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف عملی تربیت کا مظاہرہ بھی کیا ۔نمائش میں پاکستان نے اپنا تیارکردہ ملٹی رول ڈرون طیارہ ’’براق ‘‘ بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرایا۔ وائس چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے ڈرون کی لانچنگ کا افتتاح کیا۔ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز30نومبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری رہے گی ۔

Comments (0)
Add Comment