آسیہ کو پناہ نہ دینے پر زیک اسمتھ کی تھریسامے پر چڑھائی

لندن/ لاہور(امت نیوز)پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے سابق برادر نسبتی زیک اسمتھ نے آسیہ کو پناہ نہ دینے پر برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے پر دارالعوام میں چڑھائی کر دی۔اس موقع پر برطانوی وزیر اعظم فیصلے کے دفاع میں اپنی صفائی دیتی رہ گئیں۔ آسیہ معاملے سے فائدہ اٹھانے کیلئے عاشق مسیح کے مترجم دوست ندیم جوزف نےاپنے گھر پر فائرنگ کا دعویٰ کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے سابق برادر نسبتی زیک اسمتھ نے آسیہ کو پناہ نہ دینے پر برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے پر دارالعوام میں چڑھائی کرتے ہوئے صفائی دینے کا مطالبہ کیا ۔ برطانوی پارلیمنٹ کے 50 ارکان نے اپنے دستخط سے پارلیمنٹ میں تحریک پیش کر رکھی ہے جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ آسیہ کو غیر مشروط پناہ دینے کی پیش کش کرے ۔ پارلیمنٹ کے وقفہ سوالات میں حکمران جماعت کے رکن زیک اسمتھ کا کہنا ہے کہ تھریسا مے کی جانب سے آسیہ اور اس کے اہلخانہ کی جانیں برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد کئے جانے کے باعث خطرے میں پڑ چکی ہیں ۔ اس موقع پر تھریسا مے نے کہا کہ وہ اخبار میں پڑھی جانے والی خبر پر یقین کرنا ضروری نہیں سمجھتی ہیں ۔میری بنیادی تشویش آسیہ اور اس کے اہلخانہ کا تحفظ ہے اور اس سلسلے میں ہم دیگر کئی ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ ادھر آسیہ مسیح کے معاملے سے فائدہ اٹھانے کیلئے ملعونہ کے شوہر عاشق مسیح کے دوست اور مترجم ندیم جوزف نےاپنے گھر پر فائرنگ کا دعویٰ کردیا ہے ۔ویٹی کن نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ آسیہ مسیح کا مددگار ندیم جوزف بھی اب خطرے میں ہے ۔ ملعونہ کے شوہر عاشق مسیح و بیٹی ایشا کے ہمراہ دنیا بھر کا دورہ کرنے والے ندیم جوزف نے ایڈ ٹوچرچ ان نیڈ نامی کو بتایا کہ اسلام پسندوں نے اس کے گھر کے دروازے پر فائرنگ کی جس سے وہ خوف زدہ ہے ۔ہمیں مسلسل دھمکایا جا رہا ہے اور ایک بار تو ہمارا پیچھا بھی کیا گیا ۔آسیہ کی رہائی کے بعد ہمیں بھی اپنے گھر سے فرار ہونا پڑا تھا ۔ملعونہ اور اس کے اہل خانہ حکومتی سیکورٹی میں محفوظ مقام پر ہیں لیکن میری فیملی ان کے ساتھ نہیں ۔ملعونہ اور میری فیملی کو اس سے قبل 4بار اپنا گھر تبدیل کرنا پڑا تھا ۔میں دن کے وقت گھر سے باہر نہیں جاسکتا ۔رات کو بھی چہرہ ڈھانپ کر نکلتا ہوں ۔پاکستان سے نکل کر کسی محفوظ مقام پر منتقلی کے وقت کا انتظار کر رہے ہیں ۔امیدہے کہ ملعونہ اور اس کے اہلخانہ کرسمس ویٹی کن میں منائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment