اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو بھجوایا ہے، توقع ہے کہ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی کے ساتھ وطن واپس لوٹیں گے، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف کھیلے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے عالمی ہاکی کپ کیلئے تربیتی کیمپ میں باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو بھارت بھجوایا ہے، تمام کھلاڑی کا فٹنس لیول ٹھیک ہے اور قوم کی ان سے اچھی توقعات وابستہ ہیں۔ شہباز احمد سینئر نے کہا کہ ایونٹ کیلئے زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور بھارتی سرزمین پاکستان کیلئے سازگار ہو گی، امید ہے کہ قومی ٹیم عالمی کپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی کے ساتھ وطن واپس لوٹے گی۔ میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے میدان میں اتریں گی جن میں میزبان بھارت کے علاوہ پاکستان، ارجنٹائن، نیوزی لینڈ، سپین، فرانس، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، انگلینڈ، آئرلینڈ، چائنا، بیلجیئم، کینیڈا، جنوی افریقہ، ہالینڈ، جرمنی اور ملائیشیا شامل ہیں۔
٭٭٭٭٭