کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیروز آباد تھانے میں آن لائن موٹر سائیکل سروس کے ملازم کیخلاف لوٹ مار کی شکایت درج کرلی گئی۔ پولیس نے طاہر نامی شہری سے درخواست وصول کرلی، جس میں کہا گیا ہے کہ 26 نومبر کو اس نے فیروز آباد کے نجی بینک سے رقم نکلوائی اور گھر جانے کیلئے آن لائن موٹر سائیکل سروس سے رابطہ کیا، جس کے بعد ایک شخص آگیا اور میں جیسے ہی میں اس کیساتھ بیٹھنے لگا، اس نے اسلحہ نکال کر مجھ سے رقم چھین لی اور فرار ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ شہری کی درخواست وصول کرلی ہے اور تفتیش شروع کردی ہے، پہلے مرحلے میں آن لائن سروس سے رابطہ کرکے رائیڈر کی شناخت لی جائے گی اور اس کے بیان سے حقائق سامنے آئیں گے اور مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔ دوسری جانب سرسید پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز میں ملوث مفرور ملزم نعمان کو گرفتار کرلیا، ملزم کیخلاف تھانہ گلبرک میں مقدمہ درج ہے۔