قانونی ذرائع سے رقوم بھجوانے پرپیکج کی منظوری

اسلا م آبا د(نمائندہ امت)وزیراعظم عمران خان نے قانونی ذرائع سے رقوم بھجوانے والوں کیلئے پیکج کی منظوری دے دی ہے، انہوں نےہدایت کی کہ ایم والٹ کے ذریعے رقم بھجوانے پر فی ڈالر 2روپے دئیے جائیں اور اسٹیٹ بینک قانونی ذرائع سے ترسیلات زربھیجنے کی مہم چلائے۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منی لانڈرنگ قوانین میں ترمیم سے متعلق جائزے کیلئے اجلاس ہوا۔اجلاس میں منی لانڈرنگ روکنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔وزیراعظم نے انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ 2010ء میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم نے 7روز میں انسداد منی لانڈرنگ قوانین کو حتمی شکل دینے کی منظوری دے دی۔سیکرٹری داخلہ نے بریفنگ میں بتایا کہ قومی اورصوبائی سطح پر ٹاسک فورسزبنادی گئی ہیں جوماہانہ بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کریں گی۔وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ قانونی ذرائع سے ترسیلات زربھیجنے کی مہم چلائی جائے۔ صوبے منی لانڈرنگ کیخلاف کاروائی رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہنڈی اور غیرقانونی طریقے سے رقم باہر بھجوانے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔

Comments (0)
Add Comment