کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک نسواں کلچرل ایکشن گروپ سول سوسائٹی کی مختلف تنظیموں کیساتھ مل کر آج (یکم دسمبر) کو ”عورتوں پر تشدد ختم کرو“ کے حوالے سے سچل گوٹھ میں تقریب منعقد کر رہا ہے۔ اس بات کا اعلان پریس کلب میں ایکشن گروپ کے رہنما شیماکرمانی نے پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خواتین کیخلاف ہونے والے تشدد کے خاتمے کی مہم کو ہر طبقہ فکر کے لوگوں تک پہنچانا چاہتی ہیں، معاشرتی سطح پر مرد و عورت کے تشخص کو برابری دیئے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ فنون و ثقافت کے ذریعے لوگوں میں سماجی و جمہوری شعور پیدا کرنا تحریک نسواں کے پروگرام کا بنیادی مقصد ہے۔