کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ لندن نے نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے صرف 8پارکوں کی زمین کو ٹھکانے لگا کر 73کروڑ روپے کمائے تھے جن میں سے 50فیصد رقم لندن بھیجی گئی تھی اور باقی رقم کراچی میں زمینوں پر قبضہ کرنے والی ٹیموں اور کے ڈی اے افسران سمیت پولیس افسران میں تقسیم کی گئی تھی ، کے ڈی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاک ڈی نارتھ ناظم آباد کے رفاہی پلاٹ ST-4پر قبضہ کرکے جو زمین حاصل کی گئی تھی وہ 15کروڑ روپے میں ایک بلڈر کو فروخت کر دی گئی تھی جس نے وہاں پر ہل ویو اپارٹمنٹ تیار کیا اور پھر اس اپارٹمنٹ میں تیار ہونے والے 136فلیٹ 55لاکھ روپے کے حساب سے فروخت کرکے 74کروڑ اسی لاکھ روپے بلڈر نے کمائے تھے ،اسی طرح بلاک ڈی کے 5رفاہی پلاٹوں ST-1,ST-2, ST-3,ST-4,ST-5 جو پارک اور کھیل کے میدان کے لئے تھے پر قبضہ کرکے 150پلاٹ کاٹے گئے تھے جو فی پلاٹ25لاکھ روپے کے حساب سے فروخت کئے گئے ، اور اس طرح مجموعی طور پر متحدہ لندن نے ان 5پلاٹوں کو ٹھکانے لگا کر 37کروڑ 50لاکھ روپے کمائے تھے ، اسی طرح بلاک آئی کے رفاہی پلاٹ نمبر ST-1پر قبضہ کرکے بھی 55پلاٹ کاٹے گئے تھے جو لوگوں اور بلڈروں کو 20لاکھ روپے کے حساب سے فروخت کئے گئے تھے اور اس کام میں متحدہ لندن کے ہاتھ13کروڑو روپے کی رقم آئی تھی ، بلاک ایس نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے رفاہی پلاٹ نمبر ST-2پر قبضہ کرکے بھی 50پلاٹ کاٹے گئے تھے اور فی پلاٹ 15لاکھ روپے کے حساب سے فروخت کیا گیا تھا جس میں متحدہ لندن نے 7کروڑ 50لاکھ روپے کمائے تھے ، مجموعی طور پر یہ رقم 73کروڑ روپے بنتی ہے ، جس میں سے 50فیصد رقم لندن بھجوائی گئی تھی اور باقی رقم کراچی میں سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والی ٹیموں ، کے ڈی اے کے افسران اور پولیس افسران میں تقسیم کی گئی تھی۔