لاہور(این این آئی؍صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) نے ڈالر 142روپے تک کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کیخلاف پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرادی،قرارداد میں وزیر خزانہ اسد عمر سے فوری عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا۔(ن) لیگ کی خاتون رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ڈالر 142روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔تین ماہ سے روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔بھارت،سری لنکا،بنگلادیش اور افغانستان کی کرنسی پاکستان سے اوپر جا رہی ہیں۔حکومت ہر ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ کررہی ہے۔وزیر خزانہ اسد عمر اب آئی ایم ایف کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔ برطانیہ،امریکہ اور فرانس میں پیٹرول سستا ہو رہا ہے۔لہذا یہ ایوان ڈالر اور پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کی شدید مذمت کرتا ہے۔حکومت کی معاشی پالیسیاں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔ماہر معاشیات بننے والے وزیر خزانہ کو خود ہی عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔روپے کی قدر میں کمی سے عالمی سطح پر پاکستان کی ترقی کا گراف نیچے گیا ہے۔ماضی میں پاکستان کے معاشی حالات کبھی ایسے نہیں ہوئے ۔حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کا خمیازہ ہر شہری بھگت رہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ڈالر کی قیمت میں تاریخی اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرلیا ہے۔عوام سے جھوٹ بولا گیا۔ عوام کو بتایا جائے کہ کن شرائط پر معاہدہ کیا گیا ہے؟ڈالر کی قیمت میں 10 روپے اضافہ ثبوت ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط مان لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ نے 100 دن کی تقریب میں گزشتہ روز جھوٹ بولا اور قوم کو دھوکہ دیا۔یہ فریبی اور جعلی حکومت کا راتوں رات ایک اور بڑاڈاکہ اور قوم سے دھوکہ ہے،ڈالرکی قدر میں اضافے سے بدترین مہنگائی آئے گی۔قوم سے جھوٹ بولنے اور دھوکہ دہی پر حکومت مستعفی ہو۔وقت اور حالات گواہی دے رہے ہیں کہ انڈے مرغی کی سرکار نہیں چلے گی۔ثابت ہوگیا، حکومت چلانا اور قوم کے مسائل کا حل کرنا عمران حکومت کے بس کی بات نہیں۔ کٹے،مرغیوں اور انڈوں سے معیشت ٹھیک کرنے کا فارمولا دینے والے وزیراعظم سے یہی توقع کی جاسکتی ہے۔