کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے70 کروڑ کرپشن کے الزام میں سابق ڈی پی اوگجرات اور سابق سی ٹی او لاہور سمیت 10 ملزم گرفتار کرلئے ۔ذرائع کے مطابق رائے اعجاز ان دنوں سندھ میں ایس ایس پی کے عہدے پر تعینات ہیں ۔ذرائع کے مطابق نیب کے چھاپے سے قبل ملزم کے والد ضمیر احمد فرار ہوگئے ۔ ترجمان نیب کے مطابق ایس ایس پی رائے اعجاز پر بطور ڈی پی او گجرات کروڑوں روپے کی خورد برد کا الزام ہے ، ترجمان نیب کے مطابق رائے اعجاز کو کراچی کے علاقے شارع فیصل سے گرفتار کیا گیا، نیب کے مطابق دیگر ملزمان معطل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ افسر گجرات چن پیر، ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ محکمہ خوراک لاہور محمد افضل ، ڈی پی او آفس گجرات کے محمد فیاض، سابق کانسٹیبل رمیض، سینئر اکاؤنٹ افسر گجرات محمد اشرف، منیجر نجی بینک گجرات محمد آصف، منیجر شکیل احمد، پیٹرول پمپ کے مالک صغیر احمد اور غلام سرور کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق رائے اعجاز ودیگر پر پولیس کے فنڈز میں 70 کروڑ روپے کی خرد برد کرنے کے الزام ہے،جب کہ ان کے ساتھ 4 ڈی پی اوز بھی گھپلوں میں ملوث ہیں ۔