برسلز(امت نیوز) زائد ٹیکسوں کیخلاف فرانس کے بعد بیلجیم میں بھی ہنگامے پھوٹ پڑے۔ دارالحکومت برسلز میں ہزاروں مظاہرین نے سڑکوں پر مارچ کرکے حکومت کیخلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین مطالبہ کر رہے تھے کہ ٹیکسوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ احتجاج کے دوران کئی مقامات پر پولیس نے مظاہرین کو سرکاری عمارات کی طرف بڑھنے سے روکنے کی کوشش کی، جس پر مشتعل مظاہرین نے فورسز پر پتھراؤ کیا اور بوتلیں پھینکیں۔ اس موقع پر مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، جس کے بعد مظاہرین نے کئی گاڑیاں الٹ دیں اور 2 پولیس کاریں نذر آتش کردیں۔ مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کرکے متعدد سڑکیں بلاک کردیں۔ اس موقع پر ہنگاموں سے نمٹنے والی خصوصی پولیس فورس نے 300 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرکے حراستی مراکز میں منتقل کردیا۔