کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ کے ایم سی انہدامی آپریشن کے متاثرین کے حقوق کے تحفظ کیلئے جماعت اسلامی ہر طرح کی قانونی وسیاسی جدوجہد کرے گی۔ بدھ 5دسمبر کو حسن اسکوائر پر دھرنا دیا جائے گا، جبکہ آج سے متاثرین کیساتھ مل کر شہر کے اہم اور مرکزی تجارتی مراکز، مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ متاثرین ’’کراچی شہری ایکشن کمیٹی ‘‘میں اپنی رجسٹریشن کرائیں ، ہما را مطالبہ ہے کہ جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے ۔ ان کی تلافی کی جائے، مسمار دکانوں اور ان کے دکانداروں کو معاوضہ اور متبادل جگہ فراہم کی جائے، جن افراد کے پاس سرکاری دستاویزات ہیں، انہیں تجاوزات شمار نہ کیا جائے ، سپریم کورٹ نے جس طرح بنی گالہ میں تعمیرات کو ریگولائز کرنے کی سہولت اور مہلت دی ہے، اسی طرح کراچی میں بھی ریگولائزیشن کی پالیسی اور واضح پروگرام دیا جائے۔ آپریشن کے دوران نقصانات کے ذمہ داروں کیخلاف اور تجاوزات میں ملوث بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور کے ایم سی کے اہلکاروں اور ذمہ داروں کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ کے حکم کی آڑ میں کے ایم سی کی جانب سے کراچی کے تاجرو ں کے معاشی قتل عام اور نجی اسکولوں سے متعلق تعلیم دشمن اقدامات کیخلاف کے ایم سی ہیڈآفس پر احتجاجی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن میں تاجروں ، مارکیٹ تنظیموں کے نمائندوں اور صدر ٹریڈرز ایسوسی ایشن، کے سی آر متاثرین ایکشن کمیٹی ،آل سٹی تاجر اتحاد، معصوم شاہ کالونی، ریلوے کالونی، ہزارہ کالونی، کالاپل ، آل لی مارکیٹ تاجر اتحاد، لائٹ ہاؤس، کے ایم سی مارکیٹ، ویسٹ پیپر مرچنٹ، لنڈا بازاراور دیگر ایسوسی ایشن ، آل پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور بڑی تعداد میں متاثرین نے شرکت کی۔ کنونشن میں متاثرین نے حکومت، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور کے ایم سی کیخلاف شدید غم وغصے کا اظہارکیا اور نعرے بھی لگائے۔ متاثرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، جن پر عوام دشمن پالیسی کیخلاف نعرے درج تھے۔ کنونشن میں صدر پبلک ایڈ کمیٹی سیف الدین ایڈووکیٹ ،رکن سندھ اسمبلی و ضلع جنوبی کے امیر عبد الرشید ، بلدیہ عظمیٰ کے پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی، اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر محبوب اعظم ، صدر اسمال ٹریڈرز کراچی محمود حامد، رمضان کاکڑ، بابر بنگش، رشید کاکڑ، باسط زیدی اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبد الوہاب، سیکریٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری، امرا اضلاع عبد الرزاق خان، عبد الجمیل ودیگر بھی موجود تھے۔