کراچی (رپورٹ: راؤ افنان) سندھ حکومت نے جامعات پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کیلئے انوکھا طریقہ اختیار کیا ہے، پیپلز پارٹی حکومت نے 5 وزرا کو صوبے میں قائم 25 جامعات کا پرو چانسلر مقرر کر ڈالا، حکومتی اقدام سے25 یونیورسٹیوں میں سیاسی بھرتی و سفارشوں کے دروازے کھل جائیں گے۔ سیکریٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹی نے 5 وزرا کی تعیناتی کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے صوبے کی 25 جامعات جن میں میڈیکل، انجینیئرنگ، ایگری کلچر، ویٹیرینری اور جنرل یونیورسٹیز شامل ہیں، میں وزرا کو بطور پرو چانسلر تعینات کردیا ہے۔ سیکریٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹیز عالیہ شاہد کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن نمبر SO(U)U & B/JSMU/15-16/2018/223 کے مطابق 5 وزرا کو جامعات کی کیٹیگریز کی مناسبت سے پرو چانسلر تعینات کیا ہے، جن میں وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو کو تمام میڈیکل جامعات کا پرو چانسلر بنایا گیا ہے۔ اسی طرح وزیر ورکس اینڈ سروسز ناصر حسین شاہ کو تمام انجینیئرنگ و ٹیکنالوجی جامعات کا، وزیر زراعت اسماعیل راہو کو تمام ایگری کلچر جامعات کا، وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز عبدالباری پتافی کو ویٹیرنری جامعات کا اور وزیر تعلیم سردار علی شاہ کو تمام جنرل یونیورسٹیز بشمول لا اینڈ بزنس یونیورسٹیز کا پرو چانسلر مقرر کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جامعات کی انتظامی اور مالی معاملات پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے یہ اقدام کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس اقدام سے جامعات میں سیاسی بھرتیوں اور سفارشوں کے دروازے کھل جائیں گے ،جو کہ اس قبل سابق سیاسی گورنر کے دور میں جامعات میں ہوتا رہا ہے۔