قونصلیٹ حملے میں نامزد حیر بیار مری بھارت مدعو

جنیوا(امت نیوز) کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشت گرد حملے میں نامزد خودساختہ جلاوطن بلوچ رہنما حیربیار مری کو بھارت نے مدعو کر لیا ہے۔ حیر بیار مری بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بلوچستان پر منعقدہ سیمینار سے خطاب سمیت پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں حصہ لیں گے۔ جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ’’نرم سفارت کاری‘‘ کی بدولت بھارت نہ چاہتے ہوئے بھی سکھوں کے لیے کرتارپور کا راستہ کھولنے کیلئے مجبور ہوا ہے اور اب اس نے جوابی اقدام کے طور پر بلوچستان کے معاملے پر پاکستان کے خلاف مہم تیز کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ فری بلوچستان موومنٹ نے جمعہ کو جاری اپنے ایک بیان میں تصدیق کی کہ حیربیار مری کو بھارت بلایا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ’’فری بلوچستان موؤمنٹ کے سربراہ حیربیار مری نے دہلی اسٹڈی گروپ کے صدر اور بھارتی جنتا پارٹی کے سینئر رہنما وجے جولی کے انڈیا آنے کی دعوت قبول کی ہے ۔ بلوچ رہنماء و فری بلوچستان موؤمنٹ کے سربراہ حیربیار مری 10 دسمبر کو نئی دہلی میں منعقد ،،بلوچستان میں انسانی حقوق،، کے موضوع پر سیمینار میں خطاب کرکے ہندوستانی عوام اور میڈیا نمائندوں کو آگاہی دیں گے۔‘‘ اسی بیان میں برطانیہ کے دارالحکومت لندن، جرمنی کے شہر براؤنشویگ، امریکہ کے شہر نیویارک اور کینیڈا کے شہر وینکوور میں پاکستان مخالف پروپیگنڈہ مہم کی تیاریوں کی بھی تصدیق کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی ممالک میں چلائی جانے والی پروپیگنڈہ مہم کو بھارت کی سرپرستی حاصل ہے اور حیربیار مری کا دورہ بھارت اسی سللسلے کی کڑی ہے۔ یاد رہے کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کا ایک ماسٹر مائنڈ اسلم عرف اچھو پہلے ہی بھارت میں زیر علاج ہے۔

Comments (0)
Add Comment