لاڑکانہ (نمائندہ امت) لاڑکانہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز میں پہلی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری کی گئی۔ اوپن ہارٹ سرجری پروفیسر فضل ربی، ڈاکٹر علی رضا منگی اور پروفیسر امین خواجہ نے کی جس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو وسکیولر ڈیزیزز بالکل مفت خدمات فراہم کر رہا ہے دل کے بائی پاس اور دیگر امراض سے سالانہ سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہوتی تھیں علاج مہنگا اور ہر جگہ سہولیات میسر نہ ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا سندھ بھر میں متعدد این آئی سی وی ڈی سیٹلائٹ سینٹرز عوام کو بالکل مفت اور بین الاقوامی معیار کا علاج مہیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھر این آئی سی وی ڈی میں مختصر عرصے بغیر اموات کے 120 اوپن ہارٹ کامیاب سرجریز کی گئیں لاڑکانہ اور سکھر این آئی سی وی ڈی میں بلوچستان اور پنجاب سے بھی مریضوں کی بڑی تعداد آ رہی ہے جنہیں مکمل علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔