حبیب شوگر ملز دھماکے کا مرکزی ملزم نادر بھنگوار گرفتار

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی کے دوران حبیب شوگر ملز نواب شاہ روڈ پر دھماکے کے مرکزی ملزم نادر بھنگوار کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس پی سی ٹی ڈی عرفان سموں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی پولیس نے حیدرآباد میں کامیاب کارروائی کرکے حبیب شوگر ملز نواب شاہ کے قریب بم دھماکہ کرنے میں ملوث مرکزی ملزم نادر بھنگوار کو جامشورو روڈ سے گرفتار کر لیا ہے، انہوں نے بتایا کہ ملزم کے دو ساتھیوں زوہیب جمالی اور عارف پنہور کو 28 اکتوبر کو حراست میں لیا گیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ ملزم نادر بھنگوار نواب شاہ کا رہائشی ہے بم دھماکوں سمیت فائرنگ کے واقعات میں پولیس کو مطلوب تھا، ملزمان نواب شاہ میں بارود بنانے اور دھماکے کرنے میں ملوث ہیں، ملزم نادر بھنگوار کے ساتھیوں سے بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے باقی ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا ، انہوں نے دعویٰ کیا کہ سی پیک سمیت اہم منصوبے ملزمان کے ٹارگٹ پر تھے اور وہ ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

Comments (0)
Add Comment