کشمیریوں کے قتلِ عام کیخلاف سری نگر میں جگہ جگہ مظاہرے

لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر میں حریت قائدین کی اپیل پر نہتے کشمیریوں کی قتل و غارت گری کیخلاف سری نگر کے مختلف علاقوں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں کشمیریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں اور کارکنوں نے سرائے بالا او ر مائسمہ میں مظاہرے کیے۔حریت کانفرنس کی طرف سے حیدر پورہ سری نگر میں بڑا احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی مظاہروں سے حریت کانفرنس اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں شوکت احمد بخشی ، نور محمد کلوال و دیگر نے خطاب کیا اور بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔ دریں اثنا جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں اور کارکنوں نے سری نگر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں میں بھرپور انداز میں شرکت کی۔امت کی رپورٹ کے مطابق قابض انتظامیہ نے حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کوسری نگر میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کرتے ہوئےراجباغ کے علاقے میں قائم دفتر کو سیل کر دیا ۔ میر واعظ عمر فاروق نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ کارکنوں کے اجلاس کو روک دیا گیا۔ہمارے لئے سیاسی سرگرمیوں کی کوئی گنجائش نہیں،گورنر صاحب آپ جمہوری طرز عمل کا خوب مظاہرہ کر رہے ہیں۔ادھر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیر یوں کی آواز کو دبا لے گا۔ محمد یاسین ملک نے پارٹی کے نائب چیئرمین شیخ محمد افضل کی گرفتاری جبکہ پارٹی رہنما سید مظفر کے گھر پر چھاپوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے قابض انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قرار دیا۔

Comments (0)
Add Comment