مودی کی ارجنٹائن آمد پر آپو کی تصویر نشر کرنے پر تنازع

بیونس آئرس(امت نیوز)ارجنٹائن میں ایک ٹی وی چینل کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو امریکی مشہور کارٹون سیریز سمپسنز کے کردار آپو کے طور پر پیش کرنے پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔ جمعہ کو جی 20 کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے مودی کا جہاز جب ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس کے ایئر پورٹ پر اترا تو ٹی وی چینل کرونیکا نے اس خبر کو نشر کرتے ہوئے ہیڈ لائن لگائی ’آپو پہنچ گئے‘ اور اس کے ساتھ جہاز اور آپو کی تصویر کو جوڑ کر پیش کیا۔ ٹی وی چینل کی جانب سے اس انداز میں خبر نشر کرنے پر سوشل میڈیا پر خاصی تنقید اور غصے کا اظہار کیا ہے اور بعض نے نسل پرستی پر مبنی فعل بھی قرار دیا ہے۔ 1990 کی دہائی سے شروع ہونے والی مشہور کارٹون سیریز میں آپو کا کردار دکاندار کا ہے۔ بھارتی نژاد امریکی کامک ہری کونڈابلو نے آپو کے کرادر کے بارے میں 2017 میں ایک دستاویزی فلم بنائی تھی، جس میں دلائل دیئے گئے تھے کہ آپو کے کردار کو نسل پرستی پر مبنی قدامت پسند رائے کی بنیاد پر بنایا گیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment