پی ٹی ایم رہنماسمیت 6کی ضمانت منظور

پشاور (امت نیوز) صوابی کی ایک عدالت نے جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی اور پختون تحفظ تحریک (پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر اور ان کے ساتھیوں کی عبوری ضمانت منظور کرلی ۔علی وزیر کے علاوہ پی ٹی ایم کے ایک اور رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی محسن داوڑ کو حکام نے جمعہ کو پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی جانے سے روک دیا تھا۔ایئرپورٹ پر تعینات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے افسران نے دونوں رہنماؤں کو بتایا تھا کہ ان کے خلاف درج مقدمات کے باعث ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہیں جس کی وجہ سے انہیں بیرونِ ملک سفر کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔بعد ازاں ایف آئی اے حکام نے علی وزیر اور محسن داوڑ کو ان کے 6 دیگر ساتھیوں سمیت حراست میں لے کر ہوائی اڈے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مرکز منتقل کردیا تھا جہاں سے انہیں رات گئے ذاتی ضمانت پر رہا کیاگیا ۔رہائی کے بعد ہفتے کو پی ٹی ایم رہنما صوابی پہنچے جہاں انہوں نے مقامی عدالت سے اپنی ضمانت کرائی۔محسن داوڑ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ صوابی میں درج مقدمات میں وہ پہلے ہی ضمانت پر تھے جب کہ عدالت نے علی وزیر کی عبوری ضمانت بھی منظور کرلی ہے۔

Comments (0)
Add Comment