کراچی ( رپورٹ:خالد زمان تنولی ) بردہ فروشوں نے مغوی بچے منشیات سپلائی پر لگا دیئے ۔یہ انکشاف کینٹ اسٹیشن سے پکڑے گئے بردہ فروشوں نےدوران تفتیش کیا ، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں منظم گرو ہ بچوں کے ذریعے مخصوص مقامات پر منشیات فروخت بھی کراتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز فریئرپولیس نے کینٹ اسٹیشن کے قریب ہوٹل سے دو بردہ فروشوں عبدالحمید عرف راجہ اور محمد اکرم عرف فوجی کو گرفتار کیا تھا۔ ملزمان نے بتایا کہ وہ بچوں کو بہلا پھسلاکر اغوا کرتے ہیں ۔ملزمان نے کینٹ اسٹیشن ، کورنگی ،قائد آباد ،منظور کالونی ،محمود آباد اور بلوچ کالونی سےبچوں کو چیز دلانے کے بہانے اغواکرنے کا اعتراف بھی کیا ۔پولیس کے مطابق ملزم عبدالحمید عرف راجہ ماضی میں بچوں سے بھیک، جیب تراشی اور منشیات فروخت بھی کر اتا تھا اورملزمان معصوم بچوں سے بدفعلی بھی کرتے تھے ۔’’ امت‘‘ کو ایس ایچ او فریئرنے بتایا کہ خفیہ رپورٹ کے مطابق ملزم عبدالحمید عرف راجہ منشیات فروخت کرتا ہے اس کے قبضے سے آدھا کلو چرس برآمد ہوئی ہے جبکہ مغوی 11 سالہ شیراز ولد عارف بھی بازیاب ہوا ۔شیراز نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان نے میرے علاوہ دو مزید بچوں کو اغواکیا تھا ، جن کے نام حسن اور وسیم تھے ملزم عبدالحمید عرف راجہ اپنی معذوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہر بار عدالت سے رہا ہو جاتا تھا جبکہ گرفتار ملزمان حیدرآباد میں بھی اغواء کی وارداتوں میں 2007 میں گرفتار ہوئے تھے ، فریئر پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 198/2018 بجرم دفعہ 6/9 B اینٹی نارکو ٹکس ایکٹ کے تحت درج کیا ہے ، پولیس ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے کوشاں ہے ، ’’امت‘‘ سروے کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ایک مخصوص پوائنٹ پر نشے کے عادی افراد کھلم کھلا نشہ کرتے ہیں ، جن میں کالا پل ، جناح اسپتال کے اطراف ، محمودآباد ، کینٹ اسٹیشن ، ایم اے جناح روڈ ، قائد آباد فلا ئی ا وور کے نیچے اور ابراہیم حیدری شامل ہے ۔مذکورہ مقامات پر منشیات منظم گرو ہوں کے کارندے سپلائی کرتے ہیں ۔واضح رہے کہ چند روز قبل بوٹ بیسن پولیس نے ملزم فرحان عرف فیضی نےاعتراف کیا تھا کہ ڈیفنس کے پوش علاقوں میں ڈانس پارٹیوں میں ہر قسم کی منشیات دستیاب ہوتی ہے، ملزم نے بتایا کہ بھاری رشوت کے عوض پولیس کی جانب سے بنگلے کے باہر سیکورٹی بھی فراہم کی جاتی ہے ۔