بغاوت کیس میں تفتیشی افسر کو کارروائی کا انتباہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسدادہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری ، ملک مخالف نعرے بازی ، بغاوت ، جلاؤ گھیراؤ ،ہنگامہ آرائی ، نجی ٹی وی پر حملے سے متعلق کیس میں تفتیشی افسر کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر گواہان کے ہمراہ پیش ہوں، بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔عدالت نے وکیل استغاثہ کی استدعا پر سماعت5 جنوری تک ملتوی کردی ہے ۔سماعت پر متحدہ رہنما فاروق ستار،عامر خان ،کنور نوید ،قمر منصور،شاہد پاشا و دیگر ملزمان پیش ہوئے۔اس موقع پر ملزم ولید پیش نہ ہوا، جس پر عدالت نے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے 60 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی، عدالت کیس میں بانی ایم کیو ایم سمیت 8 ملزمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ملزمان کے خلاف تھانہ آرٹلری میدان میں سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔

Comments (0)
Add Comment